کراچی، 15/جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل ہر صورت لاہور میں ہوگا،چاہے غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہ آئیں۔ آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلزکلارک سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے28جنوری کو لاہور پہنچیں گے۔لاہورمیں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیزکرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور انہیں پاکستان میں کھیلنے پر رضا مند کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورت حال پہلے سے بہتر ہے،آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کے ساتھ سیکورٹی وفد28جنوری کو لاہور آئے گا، جسے سیکورٹی کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔شہریارخان کاکہنا تھاکہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے نام فائنل ہو چکے ہیں جس کا اعلان جلد کر دیاجائے گا۔